ڈی سی کا رات گئے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ
گوجرانوالہ( سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے رات گئے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں اور ان کے لواحقین سے براہِ راست گفتگو کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے ادویات کے سٹاک کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال کے عملہ کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے مطابق عوام کو معیاری، بروقت اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانتداری اور فرض شناسی سے ادا کریں۔صحت کے شعبے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور مریضوں کی جان و صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔