احکامات نظر انداز،گٹروں کے ٹوٹے ڈھکن جوں کے توں
ڈسکہ کے شہر ی حادثات کا شکار ہونے لگے ،میونسپل کمیٹی کی مجرمانہ خاموشی
موترہ(نامہ نگار )ڈسکہ میں میونسپل کمیٹی والوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کی دھجیاں اڑا دیں، گٹروں کے ٹوٹے ڈھکن تبدیل نہ ہوسکے ، میونسپل کمیٹی ڈسکہ والوں نے ابھی تک ڈسکہ شہرمیں ٹوٹے ہوئے گٹروں کے ڈھکنوں کو تبدیل نہیں کیاگٹروں کے ٹوٹے ہوئے ڈھکن تبدیل نہ ہونے کی وجہ سے متعدد شہری حادثات کا شکار ہوکر ہسپتالوں میں پہنچ رہے ہیں ۔شہریوں نے بتایاکہ میونسپل کمیٹی ڈسکہ والوں سے گٹروں کے ٹوٹے ڈھکن تبدیل کرنے کیلئے رابطہ کریں تو وہ سب انجینئر کبیر کا نمبر دے دیتے ہیں جو کال اٹینڈ ہی نہیں کرتے اور شہری گٹروں کے ڈھکنوں کی تبدیلی کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پرمجبور ہیں۔ ڈسکہ شہر کی ہر گلی محلہ اور سڑکوں پر گٹروں کے ڈھکن ٹوٹے ہوئے ہیں مگر میونسپل کمیٹی ڈسکہ والوں نے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب ’کمشنر گوجرانوالہ ’ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور اے سی ڈسکہ سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔ رابطہ کرنے پر سب انجینئر کبیرنے کال اٹینڈ نہ کی۔