بجلی چوری ‘ ٹیرف خلاف ورزی پر 2فیکٹری مالکان گرفتار
دونوں مقامات پر بجلی کے کنکشن منقطع ،ایف آ ئی اے و گیپکو ٹیم کی مشترکہ کارروائی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ایف آئی اے کا بجلی چوری اور ٹیرف کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن ،ایف آئی اے سیالکوٹ سرکل اور گیپکو سرویلنس ٹیم کی مشترکہ کارروائیاں، 2 فیکٹری مالکان گرفتار کرلئے ۔مشترکہ ٹیم نے ہوزری فیکٹری اور کیبنٹ سپورٹس کی چیکنگ کے دوران بجلی کی چوری اور ٹیرف کا غلط استعمال پکڑ لیا۔پہلی کارروائی میں ہوزری فیکٹری کے مالک نعمان علی کو گرفتار کیا گیا جو گھریلو کنکشن (Tariff A1a)کو کمرشل/ انڈسٹریل مقاصد (Tariff A2a)کے لیے استعمال کر رہا تھا۔دوسری کارروائی میں کیبنٹ سپورٹس کے مالک پرویز مسیح کو گرفتار کیا گیا جو گھریلو میٹر پر فیکٹری چلا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہا تھا۔ ٹیم نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں مقامات سے کنکشن منقطع کر د ئیے اور ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کرلئے گئے ۔دونوں مقدمات میں گیپکو ملازمین کے ملوث ہونے یا غفلت برتنے کے پہلو پر بھی تفتیش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں ایف آئی اے سیالکوٹ نے دھلوالی سب ڈویڑن میں ریڈ رینج سپورٹس فیکٹری پر چھاپہ مار کر مالک وقار یونس کو گرفتار کر لیا۔ملزم ٹیوب ویل کنکشن (Tariff D2) کو غیر قانونی طور پر انڈسٹریل مقاصد (Tariff A2C) کے لیے استعمال کر کے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا رہا تھا۔