رمضان بازار پیپلز کالونی میں کیش لیس سہولت کا آغاز
250دکانوں کو کیش لیس سسٹم پر منتقل کر کے تاجروں میں کیو آر کوڈز تقسیم
گوجرانوالہ( نیوز رپورٹر )رمضان سہولت بازار پیپلز کالونی میں کیش لیس سہولت کا آغاز کردیا گیا، 250 دکانوں کو کیش لیس سسٹم پر منتقل کر کے دکانداروں میں کیو آر کوڈز تقسیم کر د ئیے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کیش لیس سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی اقرا مبین اور ماڈل بازار انتظامیہ سمیت مارکیٹ کمیٹی حکام بھی موجود تھے۔
نجی سیلولر کمپنی کے تعاون سے دکانداروں میں کیو آر کوڈز بھی تقسیم کیے گئے جبکہ 250 دکانوں کو کیش لیس کاؤنٹر سسٹم پر منتقل کر دیا گیا جس کا مقصد شہریوں کو جدید، محفوظ اور سہل ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ شہری بغیر نقد رقم کے آسانی اور شفاف طریقے سے خریداری کر سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ کیش لیس نظام کے نفاذ سے نہ صرف لین دین میں آسانی ہوگی بلکہ شفافیت کو بھی فروغ ملے گا اور شہریوں کو قطاروں اور نقد رقم سے متعلق مسائل سے نجات ملے گی۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار کا دورہ کیا اور اشیا کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے د کانداروں کو ہدایت کی کہ وہ ماہ مقدس میں عوام کو سستی و معیاری اشیا فراہم کریں ۔