پٹرول پمپوں پر پیمانے کم، شہریوں کا احتجاج
علی پور چٹھہ او رنواح میں انتظامیہ کی حالیہ کارروا ئیوں ریموٹ سے کنٹرول ہو نیوالی مشینوں کا انکشاف ،بھاری جرمانوں کے باوجود صورتحال جوں کی توں
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )پٹرول پمپس پر کم پیمانے رکھ کر پٹرول کی فروخت ،جرمانوں کے باوجود صورتحال برقرار ، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ علی پورچٹھہ اور نواح میں اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ کی حالیہ کارروائیوں میں متعدد پٹرول پمپس پر ریموٹ سے کنٹرول ہونے والی مشینوں کے ذریعے کم پیمانے کی فراہمی سامنے آئی ہے جس پر متعلقہ مالکان کو لاکھوں روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جرمانوں کے باوجود صورتحال میں خاطر خواہ بہتری نظر نہیں آ رہی۔گوجرانوالہ روڈ، قادرآباد روڈ، حافظ آباد روڈ اور وزیرآباد سٹی تک مختلف پٹرول پمپس پر پیمانہ کم ہونے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔
شہریوں کے مطابق بعض مقامات پر ایک لٹر کے پیسے وصول کر کے مقدار میں واضح کمی کی جا رہی حتیٰ کہ بعض کیسز میں چوتھائی لیٹر تک کم پیمانہ دینے کا انکشاف ہوا۔ انتظامیہ کی کارروائیوں میں مشینوں میں مبینہ ردوبدل اور ریموٹ کنٹرول سسٹم کا استعمال سامنے آیا جس سے صارفین کو نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ کچھ شہریوں نے پٹرول کی کوالٹی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ناقص میٹریل ملا کر مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محض جرمانوں تک محدود رہنے کے بجائے جامع اور مستقل حکمت عملی اپنائی جائے‘باقاعدہ مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب پمپس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔