کامونکے :ٹائر جلانے والی فیکٹری کا زہریلا دھواں وبال جان
کامونکے (تحصیل رپورٹر )نواحی گاؤں تمبولی میں ٹائر جلانے والی فیکٹری کا زہریلا دھواں علاقہ مکینوں کیلئے وبال جان بن گیا۔
آبادی کے قریب قائم فیکٹری سے روزانہ اٹھنے والا سیاہ اور گھنا دھواں فضا میں پھیل کر تمبولی سمیت گردونواح کی بستیوں کو متاثر کر رہا ہے ۔ مقامی افراد کے مطابق فیکٹری کو ماضی میں متعدد بار سیل کیا گیا مگر چند روز بعد دوبارہ ٹائر جلانے کا عمل شروع کر دیا جاتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامی کارروائیاں عارضی ثابت ہو رہی ہیں اور مستقل حل نہیں نکالا جا رہا۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ فیکٹری کے دھوئیں سے تمبولی، سادھوکی، نٹھرانوالی اور دیگر قریبی دیہات کے رہائشی متاثر ہو رہے ہیں۔ کئی افراد نے سانس میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور گلے کی خرابی جیسی شکایات کیں۔ کھیتوں کے قریب سے اٹھنے والا دھواں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کر رہا ہے اور فصلوں پر بھی منفی اثرات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ فیکٹری کو مستقل بند نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائیگا۔ رابطے پر پیرا فورس کامونکے کے انچارج محمد قدیر نے بتایا کہ فیکٹری کیخلاف فوری کارروا ئی کی جائیگی۔