جبر واستحصال سے عوام کو یرغمال بنا لیا گیا:رہنما پی ٹی آ ئی

جبر واستحصال سے عوام کو یرغمال بنا لیا گیا:رہنما پی ٹی آ ئی

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر )جبر واستحصال کے ذریعے عوام کو یرغمال بنا لیا گیا ،قومی دولت لوٹنے والوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے تک جدوجہد جاری رہے گی،

وطن دوست قیادت کے بغیر ملکی سلامتی کا تحفظ مشکل ترین امر ہے ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا اشتراک ملک کو معاشی اور نظریاتی طور پر کنگال کر رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سابق رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود اور تحریک انصاف کے رہنما میاں حسن یوسف ایڈووکیٹ نے سیاسی عمائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی بچگانہ سوچ نے قوم کو تفریق کا شکار کر دیا ہے ، پسماندہ طبقات کو ریلیف کے نام پر قومی وسائل نمائشی منصوبوں پر ضائع کئے جارہے ہیں،کھربوں ڈالر کے قرض کے بوجھ تلے دبی مظلوم پاکستانی قوم کے وسائل سے ذاتی آسائش کیلئے طیاروں کی عیاشی پر خرچ کیا جانا فرعونیت کی انتہا ہے ، مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور مختلف ناموں سے تشکیل دئیے گئے اداروں کے ملازمین تماشائی بنے ہوئے ہیں،سرکاری ریٹ پر عوام کو فراہم کئے جانے والے ناقص آٹا کو کھانے سے لوگ پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ وہ وقت قریب ہے جب عوام کا غضب سیاست کے نام پر عوامی حقوق غصب کرنے والوں کو نیست و نابود کر دے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں