حافظ آباد: گندم آٹا دودھ دہی پھل اور گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
عوام کو ریلیف کی فراہمی کے بلندو بانگ دعووں کے با وجود مہنگائی کا جن بے قابو ،ذخیرہ اندوزوں نے 2200 روپے من خریدی گندم 4800 روپے تک پہنچا دی ، چکی آٹا 125 روپے کلو تک فروخت
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دُنیا )حافظ آباد میں رمضان المبارک کی آمد شروع ہو تے ہی گندم ،پھلوں اور گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ۔ پرائس کنٹرو ل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ بڑھتی مہنگائی کو روکنے میں ناکام ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایک طرف وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قدآور تصاویر لگا کر رمضان المبار ک میں عوام کو ریلیف دینے کے بلند وبانگ دعوے کئے جارہے ہیں تو دوسری جانب حافظ آباد میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوتا دکھائی دے رہا ہے ۔ ذخیرہ اندوزوں نے وہ گندم جو 22/23سو روپے من میں کسانوں سے خریدی تھی وہ اب 4800روپے من میں فروخت کی جارہی ہے جبکہ چکی مالکان بھی آٹا 120سے 125روپے کلو میں فروخت کررہے ہیں ۔ چھوٹا گوشت 1800روپے کے بجائے 2500روپے کلو جبکہ بڑا گوشت 900روپے کلو کے بجائے بارہ سے چودہ سوروپے کلو میں فروخت کیا جارہاہے، رمضان المبارک کی آمد کیساتھ ہی دود ھ دہی سمیت رو زمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔