فضائیہ نے فتنہ خوارج ، فتنہ ہندوستان کی کمر توڑ دی : شافع
پاکستان اپنے اہداف کے حصول تک کارروائی جاری رکھے گا:صوبائی وزیر کی گفتگو
گجرات (نامہ نگار،سٹی رپورٹر )پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین نے افغانستان کی طالبان رجیم کے خلاف آپریشن غضب للحق کی کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر نظر کو ایسے ہی کچلا جائے گا جیسے مئی میں بھارت کے ساتھ کیا گیا ہے ۔ افواج عوام کی حفاظت اور وطن عزیز کے ہر کونے کے دفاع کیلئے ہر لمحہ تیار ہے پاکستان پر ہونے والے ہر حملے کا جواب بھرپور طاقت سے دیا جا رہا ہے ۔
شافع حسین نے کہا کہ پاکستان فضائیہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ دنیا کی نمبر ون فضائیہ ہے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر تاک کر ٹھیک نشانہ لگایا جا رہا ہے جس سے فتنہ خوارج اور فتنہ ہندوستان کی کمر ٹوٹ گئی ہے ،پاکستان اپنے اہداف کے حصول تک کارروائی جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ اسلام ایک امن پسند ملک ہے جس میں دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں ۔ شافع حسین نے ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ خا منہ ای کی شہادت پر پورا عالم اسلام رنجیدہ ہے اور اپنے دکھ اور غصہ کا اظہار کر رہا ہے ہم ایران کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں،اس وقت پاکستان میں موجود افراد کو اپنا احتجاج پر امن رہ کر ریکارڈ کرانا چاہیے۔