مذہبی ہم آ ہنگی کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں : نور العین
پرامن احتجاج سب کا حق ، املاک کو نقصان کی اجازت نہیں دے سکتے :رانا عمرفاروق
گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین اور ڈی پی او رانا عمر فاروق کی زیر صدارت ضلعی امن کور کمیٹی کا اجلاس ہوا ، افسر وں کا کہنا تھا کہ مذہبی ہم آہنگی اور صبر و تحمل کے جذبے کے فروغ کیلئے اجتماعی اور سنجیدہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ ضلع گجرات ہمیشہ سے امن کا گہوارہ رہا ہے اور اس فضا کو برقرار رکھنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ علما کرام حب الوطنی کے جذبے کے تحت مؤثر اور مثبت کردار ادا کریں تاکہ اتحاد و اتفاق کی فضا مزید مستحکم ہو۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے کیا گیا ہے۔
پرامن احتجاج سب کا حق ہے تاہم احتجاج کی آڑ میں سرکاری املاک یا عوام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، پیر سید سعید احمد شاہ گجرات، سید الطاف عباس کاظمی سمیت ضلع بھر سے مختلف مکاتبِ فکر کے علما کرام، نمائندہ انجمن تاجران جاوید بٹ سمیت دیگر اراکین شریک تھے ۔اجلاس میں ایرانی شہدا کے لیے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔ شرکا نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا تحفظ اور اس کے اداروں کا استحکام اولین ترجیح ہے اور دہشتگردی کے خاتمے تک قومی یکجہتی کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔