سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ، ڈمپرز کیخلاف کارروائی

سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ، ڈمپرز کیخلاف کارروائی

اوور لوڈ ڈمپر ٹال ٹیکس اور ایندھن کی بچت کیلئے ہائی ویز کے بجائے مقامی سڑکوں کا استعمال کرنے لگے ‘ شاہرا ہیں توڑ نے کے جرم میں ڈرائیور ز کیخلاف مقدمات

نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )محکمہ ہائی وے گوجرانوالہ نے اوور لوڈ ڈمپرز کے خلاف نوکھر روڈ پر کریک ڈاؤن کیا اور سڑکیں توڑنے کے جرم میں 8ڈمپر ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کرادئیے ، یہ بھاری اوور لوڈ ڈمپر ٹال ٹیکس اور ایندھن کی بچت کے لئے مین ہائی ویز کے بجائے مقامی سڑکوں کا استعمال کرتے ہیں حالانکہ یہ سڑکیں اس قدر وزنی ٹریفک کے لئے تعمیر نہیں کی گئیں ان ڈمپرز کی بے دریغ آمدورفت کے باعث اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہیں علاقہ نوشہرہ ورکاں کی لوکل سڑکوں پر ساری رات ان بھاری بھرکم ڈمپرز کا راج رہتا ہے اور شہر کا مین بازار بھی ان کی یلغار سے محفوظ نہیں، روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں ڈمپرز کے گزرنے سے نہ صرف سڑکوں کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ شہریوں نے محکمہ ہائی وے کی کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کو تباہی سے بچانے اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ایسے ڈمپرز کے خلاف بلاامتیاز اور تسلسل کے ساتھ کارروائی جاری رکھی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں