پٹرولیم مصنوعات مہنگی ،شہریوں کی مشکلات میں اضافہ

پٹرولیم مصنوعات مہنگی ،شہریوں کی مشکلات میں اضافہ

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا،

 مہنگائی کی نئی لہر کے باعث عام آدمی کی قوتِ خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ عید کی آمد کے موقع پر کپڑوں، جوتوں اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتیں بھی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ خطے میں کشیدگی کے باعث حکومتِ پاکستان کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یک مشت 55 روپے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہو گیا ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول مہنگا ہوتے ہی ٹرانسپورٹرز نے بھی من مانی کرتے ہوئے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے اور مسافروں سے اپنی مرضی کے مطابق کرایہ وصول کیا جا رہا ہے ۔ متاثرہ شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید قریب آتے ہی پہلے ہی بازاروں میں مہنگائی عروج پر تھی، اب پٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے متوسط اور سفید پوش طبقے کی مشکلات کو کئی گنا بڑھا دیا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو چکا ہے اور عام آدمی کیلئے عید کی خوشیاں بھی ماند پڑتی جا رہی ہیں۔شہریوں اور سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر نظر ثانی کی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ مہنگائی کے بوجھ کو کم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں