وزیرآباد:گیپکو کالونی اور دفتر کے باہر بدترین سیوریج بلاک

 وزیرآباد:گیپکو کالونی اور دفتر کے باہر بدترین سیوریج بلاک

گندا پانی سڑکوں پر جمع ،کالونی کے مکینوں‘ دفاتر آنیوالے بجلی صارفین کو مشکلات

وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )گیپکو کالونی اور گیپکو آفس کے باہر بدترین سیوریج بلاک، عملہ اور شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گیا ۔ وزیرآباد میں گیپکو کالونی اور گیپکو آفس کے باہر سیوریج سسٹم بری طرح بلاک ہونے کے باعث گندا پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا جس سے کالونی کے مکینوں، دفاتر آنے والے سائلین اور بجلی صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کئی روز سے کھڑا بدبودار پانی نہ صرف آمدورفت میں رکاوٹ بن چکا ہے بلکہ علاقے میں مچھروں کی بھرمار نے بھی شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے ۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ شہر کے نسبتاً پوش علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں اہم سرکاری دفاتر بھی موجود ہیں مگر اس کے باوجود صفائی اور نکاسی آب کی صورتحال انتہائی خراب ہے ۔ گیپکو کے بڑے دفاتر اور گرڈ سٹیشن اسی علاقے میں واقع ہیں جہاں روزانہ درجنوں افسران، ملازمین اور بجلی کے صارفین اپنے مسائل کے حل کیلئے آتے ہیں مگر انہیں دفتر تک پہنچنے کیلئے گندے پانی سے گزرنا پڑتا ہے ۔شہریوں کے مطابق سیوریج لائنوں کی بندش کے باعث گندا پانی مسلسل سڑک پر کھڑا رہتا ہے جس سے نہ صرف بدبو پھیل رہی ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ مقامی رہائشیوں نے سوال اٹھایا ہے کہ ایک طرف حکومت کی جانب سے کروڑوں اور اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے دعوے کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف شہر کے اہم اور مصروف علاقے ہی بنیادی سہولیات سے محروم دکھائی دیتے ہیں۔علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سیوریج لائنوں کی صفائی کروا کر نکاسی آب کا مسئلہ حل کیا جائے اورصاف ستھرا پنجابمہم کے تحت عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں