گجرات:سیوریج لائنوں کی صفائی کیلئے خصوصی مہم شروع
بارشوں کے پیش نظر تمام ڈسپوزل سٹیشنز 24 گھنٹے فعال رکھے جائیں :ایم ڈی
گجرات (نامہ نگار ،سٹی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر کاشان حفیظ بٹ کی زیرِ صدارت واسا گجرات کی مجموعی کارکردگی، عید الفطر کی تعطیلات کے دوران آپریشنل اقدامات سمیت حالیہ و متوقع بارشی صورتحال کے پیشِ نظر ہیڈ آفس واسا جی ٹی روڈ پر اجلاس کا انعقاد کیا گیا،دوران اجلاس شہر بھر میں نکاسی آب کے نظام کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز، فیلڈ آپریشنز کی کارکردگی اور 26مارچ سے 30 مارچ تک متوقع بارشوں کے پیشِ نظر بہتر حکمت عملی ترتیب دینے پر غور و خوض کیا گیا، منیجنگ ڈائریکٹر نے ہدایت کی کہ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے ، جنریٹرز اور مشینری کی بروقت مینٹی ننس کو یقینی بنایا جائے اور ڈی واٹرنگ سیٹس کو حساس مقامات پر پیشگی تعینات کیا جائے تاکہ بارش شروع ہوتے ہی فوری کارروائی ممکن ہو سکے ، انہوں نے نشیبی علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ، سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ، مین ہولز کی بروقت صفائی اور بلاکج کے خاتمے کیلئے خصوصی مہم چلانے کی بھی ہدایت جاری کی،اس موقع پر زون تھری میں حالیہ بارشوں کے دوران ناقص کارکردگی پر منیجنگ ڈائریکٹر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اس قسم کی غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں کی جائیگی ۔