ڈپٹی کمشنر کا دورہ نو شہرہ ورکاں ، ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ

ڈپٹی کمشنر کا دورہ نو شہرہ ورکاں ، ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ

قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول میں طلبہ کی فیئر ویل پارٹی میں شرکت ، کیک کاٹا

نوشہرہ ورکاں ،گوجرانوالہ (نمائندہ دنیا ،سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے تحصیل نوشہرہ ورکاں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جمال بھی ہمراہ تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال، تجاوزات کے خاتمے ، ماڈل بازار، جاری ترقیاتی سکیموں، ای بزنس سہولت سنٹر اور قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول کا معائنہ کیا ، دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے دہم جماعت کی جاری فیئر ویل پارٹی میں شرکت کی وہ طلبہ کے ساتھ گھل مل گئے اور ان کے ہمراہ کیک کاٹا ۔وزیراعلیٰ پنجاب کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں سیوریج نظام کی بہتری کیلئے جاری اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے علاقہ ہرپوکی میں زیر تعمیر نالے (ڈرین) کا معائنہ کیا اور کام کے معیار کو چیک کیا۔بعد ازاں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر آفس نوشہرہ ورکاں میں قائم ای بزنس سہولت کاؤنٹر کا دورہ کیا، جہاں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جاری این او سیز کے اجرا کے عمل کا جائزہ لیا اور افسر وں کو ہدایت کی کہ تمام درخواستوں پر بروقت کارروائی یقینی بنائی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے ماڈل بازار نوشہرہ ورکاں کا بھی دورہ کیا جہاں وزیراعلیٰ پنجاب کے خوبصورت پنجاب ویژن کے تحت موجودہ بازار کو جدید سہولیات سے آراستہ ماڈل بازار میں تبدیل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔

 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں