علی پورچٹھہ:بارش سے سیوریج درہم برہم ‘سڑکیں زیر آب

علی پورچٹھہ:بارش سے سیوریج درہم برہم ‘سڑکیں زیر آب

کوڑ اکرکٹ سے تعفن پھیلنے لگا، شہری سراپا احتجاج ،حکام سے اصلاح کا مطالبہ

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)بارش نے علی پورچٹھہ کا سیوریج نظام درہم برہم کر دیا ، سڑکیں زیر آب ، کوڑ اکرکٹ سے تعفن پھیلنے لگا، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔تفصیلات کے مطابق بارش کے بعد جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہریوں کو گندے پانی سے گزرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ متعدد مقامات پر موٹر سائیکل سوار پھسل کر گرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جس سے لوگ زخمی ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بزرگ، بچے اور مریض گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ تعفن اور گندگی کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ۔ علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی کارکردگی صرف سوشل میڈیا تک محدود ہو کر رہ گئی جبکہ عملی طور پر شہری کیچڑ اور گندگی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے علاقے کو مثالی بنانے کے دعوے تو کرتے ہیں مگر زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ شہریوں نے مزید کہا کہ بھاری ٹیکسز ادا کرنے کے باوجود بنیادی سہولیات میسر نہیں جس کے باعث وہ ترقی یافتہ معاشرے کے بجائے مسائل سے بھرپور معاشرے میں زندگی گزار رہے ہیں اور موذی امراض کے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں