سیالکوٹ :ایل پی جی مافیا بے قابو ،500روپے کلو تک فروخت
سرکاری قیمت 304پر کہیں گیس دستیاب نہیں ،انتظامیہ کی عدم توجہ پر شہری نالاں
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیالکوٹ میں ایل پی جی مافیا بے قابو ، مصنوعی مہنگائی نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ۔ سیالکوٹ، ڈسکہ، پسرور، سمبڑیال اور گردونواح کے علاقوں میں منافع خور مافیا کھلے عام سرگرم ہے جبکہ سرکاری نرخ صرف کاغذوں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 304روپے فی کلو مقرر ہے تاہم مقامی سطح پر دکاندار مبینہ طور پر 450 سے 500 روپے فی کلوتک فروخت کررہے ہیں۔ شہریوں عبدالرحمن، محمد حمزہ، انجم الیاس، شاہد محمود، عامر بٹ، نوید اسلم ودیگر نے بتایا کہ یہ زیادتی ہے اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرکے عوام کو لوٹا جارہاہے ۔ شہریوں کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کو جواز بنا کر ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے جس سے گھریلو بجٹ پر شدید مالی بوجھ پڑا ہے اور متوسط و غریب طبقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہے ۔ شہریوں نے انتظامیہ کی عدم توجہ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر نویدحیدر شیرازی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے اور سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کو یقینی بنایا جائے۔