سیالکوٹ : انسداد پو لیو مہم، 8 لاکھ بچے، 2878 ٹیمیں

سیالکوٹ : انسداد پو لیو مہم، 8 لاکھ بچے، 2878  ٹیمیں

133فکسڈ ٹیمیں ہسپتالوں، بنیا دی مراکز صحت پر خدمات سرانجام دیں گی

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ضلع سیالکوٹ میں قومی انسدادِ پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا جو 13 اپریل سے 16اپریل تک جاری رہے گی جبکہ 17 اپریل کو کیچ اپ ڈے منایا جائے گا تاکہ کوئی بھی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے ۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے مہم کا افتتاح کرتے ہوئے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور وٹامن اے سپلیمنٹ کے قطرے پلائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جس کے مکمل خاتمے کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں اور حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اس مہم کو 100 فیصد کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں پانچ سال سے کم عمر 7 لاکھ 95 ہزار 877 بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق مہم کیلئے مجموعی طور پر 2,878 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 6,288 تربیت یافتہ ہیلتھ ورکرز اور رضا کار شامل ہیں۔ ان ٹیموں میں 2,626 موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی، 133 فکسڈ ٹیمیں ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور دیگر طبی مراکز پر خدمات سرانجام دیں گی جبکہ 69 رومنگ/ٹرانزٹ ٹیمیں بس سٹینڈز، ریلوے سٹیشنز، داخلی و خارجی راستوں اور اہم چوکوں پر تعینات ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں