غلط معاشی پالیسیوں سے عوام روٹی کو ترس رہے :طارق محمود

غلط معاشی پالیسیوں سے عوام روٹی کو ترس رہے :طارق محمود

حکومت بلاجواز لاک ڈاؤن نافذ کر کے کاروباری طبقے کو مشکلات سے دوچار کر رہی

لدھیوالہ وڑائچ (نامہ نگار)تحریک انصاف کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود نے کہا ہے کہ حکومت بلاجواز لاک ڈاؤن نافذ کر کے کاروباری طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر رہی ہے ،حکمرانوں کی غلط معاشی پالیسیوں کے باعث عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں اور مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں طارق محمود نے کہا کہ چھوٹے تاجر،دکاندار اور دیہاڑی دار طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے جبکہ حکومت کو عوامی مسائل کا ادراک ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ آئے روز نت نئے فیصلے کر کے کاروباری سرگرمیوں کو محدود کیا جا رہا ہے جس سے بیروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے ۔نہوں نے مزید کہا کہ بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے موجودہ حکمران معاشی استحکام لانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید بوجھ ڈال رہے ہیں۔میاں طارق محمود نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر لاک ڈاؤن جیسے فیصلوں پر نظرثانی کی جائے اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ معیشت کا پہیہ دوبارہ رواں ہو سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں