علی پورچٹھہ :کھلے نالے اور مین ہولز شہریوں کیلئے خطرہ
موٹر سائیکل سوار عدم تحفظ کا شکار، بلدیہ حکام خاموش ، شہریوں کا احتجاج
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ میں کھلے نالے اور مین ہولز شہریوں کیلئے خطرہ بن گئے ، موٹر سائیکل سوار عدم تحفظ کا شکار، بلدیہ حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ علی پورچٹھہ میں کھلے نالے ، ٹوٹے ہوئے سیوریج ڈھکن اور مین ہولز شہریوں کیلئے موت کا جال بنتے جا رہے ہیں جہاں بالخصوص موٹر سائیکل سوار ہر وقت حادثات کے خطرے سے دوچار ہیں۔ شہریوں نے بلدیہ حکام کی پراسرار خاموشی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج کا نظام بری طرح تباہ حال ہے جگہ جگہ کھلے مین ہولز اور خستہ حال پلیاں عوام کیلئے مستقل خطرہ بن چکی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی علی پورچٹھہ کی جانب سے مرمت کے نام پر ہر ماہ لاکھوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں مگر عملی طور پر صورتحال میں کوئی بہتری نظر نہیں آتی ۔ علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندے شہر کو مثالی بنانے کے دعوے تو کرتے ہیں مگر زمینی حقائق برعکس ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ شہر میں سیوریج نظام کی فوری بحالی، کھلے مین ہولز اور خستہ حال پلیوں کی معیاری بنیادوں پر مرمت کو یقینی بنایا جائے ۔