علی پورچٹھہ :بھکاریوں نے شہریوں کی ناک میں دم کر دیا

علی پورچٹھہ :بھکاریوں نے شہریوں کی ناک میں دم کر دیا

بازاروں، چوکوں اور گنجان علاقوں میں خواتین بچوں کو اٹھائے بھیک مانگنے لگیں

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں پیشہ ور بھکاریوں کی یلغار نے شہریوں کی ناک میں دم کر دیا ، انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی ۔تفصیلات کے مطابق علی پورچٹھہ میں پیشہ ور بھکاریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کیلئے سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے ۔ بازاروں، چوکوں اور گنجان علاقوں میں بھکاری خواتین شیر خوار بچوں کو اٹھائے شہریوں کے پیچھے لگ جاتی ہیں جس سے نہ صرف انہیں ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ معاشرتی ماحول بھی متاثر ہو رہا ہے ۔ شہر کے مختلف بازاروں میں بھکاری خواتین کا شہریوں، خصوصاً خواتین کے ساتھ نامناسب رویہ معمول بنتا جا رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ بھکاری خواتین بازاروں میں آنے والی خواتین کی چادریں پکڑ کر ان کے پیچھے چلتی رہتی ہیں جبکہ بعض مواقع پر زبردستی پیسے لینے کیلئے تذلیل آمیز انداز اختیار کرتی ہیں۔

کچھ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس دوران بعض بھکاری خواتین پرس اور دیگر قیمتی اشیا چوری کرنے میں بھی ملوث ہوتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ منظم پیشہ ور گروہ شہر میں آزادانہ گھوم رہے ہیں مگر انتظامیہ سنگین مسئلے پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر کب تک شہری اس صورتحال کا سامنا کرتے رہیں گے جبکہ کوئی مؤثر لائحہ عمل نظر نہیں آ رہا۔ مزید برآں شہریوں نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان میں بھکاریوں کے منظم نیٹ ورکس کی بازگشت بیرونِ ممالک تک سنائی دیتی ہے جس سے ملک و قوم کی بدنامی اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں