سیالکوٹ صنعتی زون منصوبہ ختم : 1400 ایکڑ زرعی اراضی پر بننا تھا
منصوبے کیلئے سیاسی حمایت حاصل نہ ہوسکی:صدر سیالکوٹ چیمبر،وزیر دفاع خواجہ آصف نے ناقابل عمل قرار دیا تھا،ٹینری زون کو مکمل فعال کرنا چاہیے :سہیل میر
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیالکوٹ سمبڑیال موٹر وے کے قریب 1400 ایکڑزرعی زمین پربننے والے انڈسٹریل زون کے منصوبے کو ختم کردیا گیا۔ اس سلسلہ میں وزیر دفاع وہوا بازی خواجہ آصف نے بھی سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں اپنے خطاب کے دوران اس منصوبے کو ناقابل عمل قرار دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس منصوبے کو صوبائی حکومت نے شروع کرنا تھا جس میں سابق صدر چیمبر میاں عمران اکبر کے دور میں سیکشن 4 لگوایا گیا تھا جس کے بعد تقریباً 4سے 5سال اس منصوبے پر توجہ نہ دی گئی جس کی وجہ سے سیکشن فور کی معیاد ختم ہو گی۔ صدر سیالکوٹ چیمبر احتشام مظہر گیلانی نے بتایا کہ ہمیں منصوبے کیلئے سیاسی حمایت حاصل نہ ہوسکی جسکی وجہ سے یہ منصوبہ ختم ہوگیا۔
جس کے بارے میں وزیر تجارت نے گزشتہ روز سرجیکل ایسوسی ایشن کی نمائش کے موقع پر بتایا، چیئرمین ڈیمو کرٹیک گروپ سیالکوٹ چیمبر سہیل خاور میر نے کہا کہ پہلے ہمیں سیالکوٹ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی لیب اور سیالکوٹ ٹینری زون کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کومکمل طور پر فعال کرنا چاہیے جن کے آغاز کو15سال سے زائد عرصہ ہو چکا ہے اور یہ منصوبے اپنی افادیت کھوتے جارہے ہیں اور مقامی برآمدکنندگان اور درآمدکنندگان اس سے پوری طرح فائدہ حاصل نہیں کر پا رہے ۔ شہریوں کا موقف ہے کہ زرعی زمینوں کے کمرشل استعمال پر پابندی لگائی جائے ۔