سیالکوٹ :رجسٹری محرر اور دیگر کیخلاف جعلسازی کا مقدمہ

 سیالکوٹ :رجسٹری محرر اور دیگر کیخلاف جعلسازی کا مقدمہ

اینٹی کرپشن نے شاہد شمسی ، علی رضا،غزالہ اور شکیلہ کیخلاف تفتیش شرو ع کردی

سیالکوٹ(نمائندہ خصوصی )سب رجسٹرار اربن کے رجسٹری محرر سمیت دیگر کیخلاف جعلسازی کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ اینٹی کرپشن سیالکوٹ کی ایف آئی آر کیمطابق مدعی اعجاز خالق نے اپنی2 دوکانات کا سودا علی رضا، غزالہ جمشید، شکیلہ سلطانہ جو اسکے عزیز ہیں سے تین کروڑ میں کیا اور پانچ لاکھ بیعانہ وصول کیا جبکہ بقایا رقم 2 کروڑ 95 لاکھ روپے رجسٹری کے وقت ادا کرنے کا وعدہ کیا گیااور تین عدد بیع نامہ جات تحریر کر ائے گئے اور علی رضا وغیرہ نے ساز باز وملی بھگت کرتے ہوئے اسکی سادگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سب رجسٹرار اربن کے آفس میں تین عدد بیع نامہ جات اسکے دستخط و نشانہ انگوٹھے کیساتھ درج کر ائے لیکن رقم نہ ملنے پر سب رجسٹرارکے سامنے پیش کرکے رجسٹری کی تصدیق کے بیان نہ د ئیے ،علی رضا، غزالہ اور شکیلہ رقم اداکرنے کیلئے پہلے لیت ولعل کا مظاہرہ کرتے رہے اور کچھ دن بعد رقم اداکرنے سے مکمل طور پر انکاری ہو گئے جس پرمدعی نے انکے خلاف ایک دعویٰ منسوخی بیعانہ جات دائر کیا اور عدالت سے حکم امتناعی حاصل کرکے اسکا اندارج سب رجسٹرار اربن اور حلقہ پٹوار گوہدپور درج کروایا جو تاحال عدالت میں زیر سماعت ہے ۔چند روز قبل مدعی پٹوارخانہ گوہد پور اپنی متدعویہ پراپرٹی کا فرد لینے گیا اور حلقہ پٹواری شاہد سے فرد کا مطالبہ کیا تو اس نے محکمہ مال کا ریکارڈ دیکھ کر بتایا کہ جس پراپرٹی کا آپ فرد لینے آئے ہووہ میں مذکورہ پراپرٹی علی رضا، غزالہ جمشید اور شکیلہ سلطانہ کے نام ہو چکی تھی حالانکہ اس نے حکم امتناعی وکاپی حکم امتناعی پٹواری شاہد کے حوالے کررکھا تھا جس نے حکم امتناعی کے باوجود اختیارات کا ناجائز استعمال اور ملی بھگت کرکے پراپرٹی علی رضا، غزالہ جمشید اور شکیلہ سلطانہ کے نام منتقل کردی۔سی او اینٹی کرپشن سیالکوٹ نے معاملہ کی ابتدائی تفتیش میں سب رجسٹراراربن سیالکوٹ کے رجسٹری محرر شاہد شمسی المعروف شمسی ، علی رضا،غزالہ جمشید اور شکیلہ سلطانہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شرو ع کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں