ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر بر داشت نہیں کی جائیگی : کمشنر

ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر بر داشت نہیں کی جائیگی : کمشنر

اجلاس کے دوران ڈویژن کی 10مختلف جاری اور مجوزہ ترقیاتی سکیموں کا جائزہ

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا تمام متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے ۔ وہ ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔کمشنر نے اجلاس کے دوران گوجرانوالہ ڈویژن کی 10 مختلف جاری اور مجوزہ ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا اور افسر وں کو ہدایت کی کہ منصوبہ بندی کے ہر مرحلے میں شفافیت، میرٹ اور عوامی مفاد کو ترجیح دی جائے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی فنڈز کا درست اور مؤثر استعمال ہی عوامی اعتماد کی بحالی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں، نکاسی آب، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جاری سکیموں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر کام کی نگرانی کریں اور کسی قسم کی غفلت یا تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبدالر ئوف نے کمشنر کو مختلف منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بعض سکیموں میں بہتری کیلئے ضروری تجاویز بھی دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں