کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کا سیالکوٹ ،ڈسکہ ودیگرمقامات کا دورہ
ترقیاتی کاموں کاجائزہ ،محکموں کو آٹو پر چلانے پرافسروں کیخلاف کارروائی ہو گی:محمد علی
گوجرانوالہ‘سیالکوٹ،ڈسکہ (سٹاف رپورٹر‘نمائندگا ن دنیا‘نامہ نگار)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی کا سیالکوٹ ،ڈسکہ ودیگرمقامات کا دورہ ، انتظامی امور اور ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیا۔ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈسکہ کا دورہ کرتے ہوئے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں ۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر صبا اصغر کے ہمراہ سیالکوٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً سیوریج کے میگا پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا فیصل شہزاد نے بریفنگ دیتے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر میں 16ارب سے سیوریج کے بڑے منصوبے پر کام کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے دن رات کام جاری ہے اور مقررہ ٹائم لائن کے اندر اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ کام کے دوران سیفٹی گئیر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور جہاں ترقیاتی کام کی وجہ سے سڑکیں بند ہوں وہاں متبادل ٹریفک کا نظام نافذ کیا جائے۔