ڈرائیونگ سنٹر میں تربیت سے حادثات کم ہونگے :آر پی او
سی پی او ، سی ٹی او کے ہمراہ شیخوپورہ موڑ پرنئے ڈرائیونگ سنٹر کا افتتاح،خطاب
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کے ہمراہ شیخوپورہ موڑ پر نئے ڈرائیونگ سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سی ٹی او گوجرانوالہ وسیم اختر بھی موجود تھے ۔آر پی او نے اس موقع پر کہا جدید ڈرائیونگ سنٹر کا قیام شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہی، محفوظ ڈرائیونگ کی عملی تربیت فراہم کرنے کیلئے اہم اقدام ہے جس سے نا صرف حادثات میں کمی آئے گی بلکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کا شعور بھی مزید مضبوط ہوگا۔ ایسے تربیتی مراکز شہریوں میں ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے رجحان کو فروغ دینگے ۔افتتاحی تقریب کے دوران آر پی او اور سی پی او نے شہریوں کو سیفٹی گیجٹس بھی تقسیم کیے جن میں ہیلمٹ اور سائیڈ مررز شامل تھے ۔ شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی، دورانِ ڈرائیونگ ہیلمٹ کے لازمی استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔آر پی او نے پودا بھی لگایا اور ماحول دوست سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیتے کہا صاف ماحول اور محفوظ ٹریفک نظام صحتمند معاشرے کی بنیاد ہیں۔ آر پی او نے کہا والدین بچوں کی مؤثر رہنمائی کریں اور انہیں کم عمری میں موٹرسائیکل یا گاڑی چلانے سے روکیں تاکہ قیمتی جانوں کو حادثات سے محفوظ بنایا جا سکے ۔