طلبا وطالبات کتاب کو اپنا دوست بنائیں:خرم دستگیر خان

طلبا وطالبات کتاب کو اپنا دوست بنائیں:خرم دستگیر خان

کامیابی اسے ملتی ہے جو وقت کی قدر کرے :سابق وفاقی وزیرکا خطاب

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )سابق وفاقی وزیر و مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما انجینئر خرم دستگیر خان نے گورنمنٹ ایف ڈی ماڈل سکول فتومنڈ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم وہ زیور ہے جو انسان کو انسان بناتا ہے ۔گورنمنٹ سکولوں کے بچوں میں جو ٹیلنٹ ہے وہ کسی پرائیویٹ ادارے سے کم نہیں۔شرط صرف محنت،لگن اور استاد کی رہنمائی ہے ۔قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ تعلیم تلوار سے زیادہ طاقتور ہتھیار ہے \\\'۔آپ نے کتاب کو اپنا دوست بنانا ہے ۔موبائل اور کھیل کے لیے بھی وقت نکالیں،لیکن یاد رکھیں کامیابی صرف اسے ملتی ہے جو وقت کی قدر کرے ۔اس موقع پر سابق ایم پی اے حاجی عبد الرؤف مغل،سابق یوسی چیئرمینز رانا طارق،حاجی اسلم فورمین،سابق کونسلر رانا خوشی،ای ڈی او ایجوکیشن الطاف حسین شیخ،لیگی رہنما ناصر محمود کھوکھر،سکول پرنسپل،اساتذہ کرام،طلباء اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے مزید کہا کہ استاد قوم کا معمار ہوتا ہے اور آپ حقیقی معنوں میں معمارِ وطن ہیں۔والدین سے گزارش ہے کہ بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔بیٹی اور بیٹے میں فرق نہ کریں۔پڑھی لکھی بیٹی پورے خاندان کو سنوار دیتی ہے ۔تقریب کے اختتام پر انجینئر خرم دستگیر خان نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات میں شیلڈز، میڈلز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے ۔پرنسپل نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور سکول کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں