پٹواریوں کی قلم چھوڑ ہڑتال جاری ،ریونیو امور رک گئے
مظاہرین نے مطالبات منظوری تک دفاتر میں تالا بندی برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )تحصیل علی پورچٹھہ میں پٹواریوں کی قلم چھوڑ ہڑتال پانچویں روز بھی جاری رہی، ریونیو امور رک گئے ، مطالبات کی منظوری تک دفاتر میں تالا بندی برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔ انجمن پٹواریان پنجاب کی قیادت کی کال پر 11 مئی سے شروع ہونے والی مکمل قلم چھوڑ ہڑتال جاری ہے ۔ تحصیل بھر کے پٹواریوں نے دفاتر کی تالا بندی کر رکھی ہے ۔ اس موقع پر ضلعی صدر انجمن پٹواریاں حافظ شبیر احمد چیمہ، صدر تحصیل علی پورچٹھہ توقیر احمد چٹھہ، جنرل سیکرٹری خالد محمود ورک اور سرفراز احمد میتلا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 2015 میں پٹواریوں کا سکیل 9 سے بڑھا کر 11 کرنے کی سمری منظور کی تھی مگر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا ۔