ہیڈبمبانوالہ :چھپڑوں کی اراضی واگزار کرانے کے دعوے ٹھس
متعدد بار قبضہ مافیا کو نوٹس کے باوجود عملدر آمد نہ ہو سکا، شہریوں کاکارروا ئی کا مطالبہ
ہیڈبمبانوالہ (نامہ نگار)چھپڑوں کی اراضی واگزار کرانے کے حکومتی دعوے ٹھس، متعدد بار قبضہ مافیا کو نوٹس جاری ہونے کے باوجود عملدر آمد نہ ہو سکا۔ ڈسکہ اورگردو نواح میں اسسٹنٹ کمشنر کی عدم دلچسپی یا سیاسی دباؤ کی وجہ سے چھپڑوں کی اراضی واگزار اور صفائی کرانے کا حکومتی منصوبہ التوا کا شکار ہے ،متعدد بار قبضہ مافیا کو نوٹس جاری کئے گئے لیکن اسسٹنٹ کمشنر کی عدم دلچسپی سے تا حال عملدر آمد نہ ہو سکا ۔چھپڑوں کی عدم صفائی سے پانی کی نکاسی گھمبیرمسئلہ بنی ہوئی ہے جس کی وجہ سے گلیوں محلوں میں پانی کھڑارہنا معمول بن گیا ہے جس کے باعث تعفن سے مکینوں کا سانس لینا دشوار ہو چکا ہے اور لوگ مختلف وبائی امراض میں مبتلا ہو ر ہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مون سون کی آمد سے قبل اگر چھپڑوں کی اراضی واگزار اور صفائی نہ کرائی گئی تو ہماری مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔