وزیرآباد:سیف سٹی کیمرے فعال ، ای چالاننگ کا آ غاز
43مقامات کی مانیٹرنگ ،فری وائی فائی پوائنٹس فراہم،پینک بٹن بھی نصب
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع وزیر آ باد میں سیف سٹی کا جدید نظام فعال کر دیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیر زادہ آر او سیف سٹی گوجرانوالہ ریجن ایس ایس پی عرفان الحق سلہریا اور منیجر سیف سٹی وزیرآباد محمد جنید بھی موجود تھے ۔ریجنل آفیسر سیف سٹی نے بتایا کہ وزیرآباد میں 43 مقامات پر 214 کیمرے نصب کئے گئے ہیں ،15 مقامات ضلع اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو کور کرتے ہیں جبکہ شہر کے اندر 28 مقامات پر کیمرے نصب ہیں ،ای چالاننگ سسٹم کے تحت بھی کیمرے نصب کئے گئے جو ٹریفک رولز کے نفاذ، خلاف ورزیوں کو خودکار طریقے سے ریکارڈ کر ینگے ۔ شہریوں کی سہولت کیلئے اہم مقامات پر فری وائی فائی پوائنٹس فراہم کئے گئے ہیں جبکہ ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کیلئے پینک بٹن بھی نصب کیے گئے ہیں جو ایمرجنسی لائنز سے منسلک ہوں گے ۔اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیر زادہ نے کہا کہ سیف سٹی منصوبہ نہ صرف جرائم کے کنٹرول میں معاون ثابت ہوگا بلکہ معاشی ترقی میں بھی کردار ادا کرے گا ۔