آسٹریلوی ہائی کمشنرکا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کادورہ
صدر احتشام مظہر ودیگرسے ملاقات ،دو طرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ انکا استقبال ایس سی سی آئی کے صدر احتشام مظہر، سینئر نائب صدر مراد ارشد، نائب صدر سلمان شیخ، ایگزیکٹو کمیٹی ارکان نے کیا۔ ٹموتھی کین نے تاجر برادری سے بات چیت کی۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں احتشام مظہرنے سیالکوٹ کی حیثیت کو سرجیکل آلات، کھیلوں کے سامان، چمڑے کی مصنوعات، ٹیکسٹائل اور ملبوسات کیلئے اہم برآمدی مرکز کے طور پر اجاگر کیا۔
انہوں نے مضبوط ادارہ جاتی تعاون، کاروباری میچ میکنگ، تجارتی وفود، بہتر ویزہ سہولت اور آسٹریلیا کی تجارتی نمائشوں میں سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کی زیادہ سے زیادہ شرکت کے ذریعے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ہائی کمشنر نے خطاب میں پاکستان کے ساتھ آسٹریلیا کے 40 سال سے زائد زرعی تعاون پر روشنی ڈالی جس میں پانی کے انتظام، نمکیات، ہائبرڈ گندم، لیموں اور آم کی قیمتوں کی چین اور موسمیاتی لچکدار کاشتکاری پر مشترکہ تحقیق شامل ہے ۔انہوں نے کہاچنے ، تیل کے بیجوں اور مویشیوں کی آسٹریلوی برآمدات پاکستان کے غذائی تحفظ اور ڈیری سیکٹر میں معاون ہیں۔ آخر میں صدر چیمبر احتشام مظہر، سینئر نائب صدر مراد ارشد، نائب صدر سلمان شیخ،سابق صدر خاور انور خواجہ، حنیف خان، شاہد شیخ اور ممبران ایگزیکٹو باڈی نے ٹموتھی کینکو یاد گاری شیلڈ پیش کی۔