محرم صبر، قربانی،حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتا : انتخاب نوری

محرم صبر، قربانی،حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتا : انتخاب نوری

محرم الحرام کے دوران امن، مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا مشترکہ ذمہ داری

گوجرانوالہ( نیوز رپورٹر)چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب مولانا ڈاکٹر انتخاب احمد نوری نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں صبر، برداشت، قربانی اور حق و صداقت کے لیے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے ، حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، مذہبی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ یکجہتی کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم کے سلسلہ میں منعقدہ ’’امن و اتحاد کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن خالد ارشد مرزا ،ممبران ضلعی امن کمیٹی مولانا خالد حسن مجددی ،مفتی ابوبکر ،علامہ کاظم ترابی ،علامہ حافظ جواد قاسمی ،پروفیسر سعید احمد کلیروی ،حافظ عمران عریف کے علاوہ مفتی عمران حنفی ،پیر سید عثمان نوری کے ہمراہ دیگر علمائے کرام ،اضلاع کے ممبران امن کمیٹی ،زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف رانا افضل ،زونل خطیب اوقاف مولانا بشیر فاروقی ،ضلعی خطیب مفتی اکرم ،خطیب حافظ شاہد فاروق سمیت پولیس افسروں نے بھی کانفرنس میں شرکت کی ۔

چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب نے مزید کہاکہ علما کرام، انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام باہمی تعاون کے ذریعے محرم کے اجتماعات اور جلوسوں کو پرامن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ضلعی امن کمیٹی کے تعاون سے تمام حساس معاملات کو مشاورت سے حل کیا جائے اور محرم کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے تا کہ کسی بھی شرپسند عنصر کو امن خراب کرنے کی جرات نہ ہو۔ شہری مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور امن و بھائی چارے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں