برآ مدات کم ، ملکی معیشت مسلسل دبائو کا شکار :نعیم جاوید
حکومت نے ڈالر وں کیلئے عالمی اداروں کے سامنے قومی مفادات گروی رکھ د ئیے
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) سابق ضلعی ناظم میاں نعیم جاوید نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال ملک کیلئے انتہائی تشویشناک بنتی جا رہی ہے حکومت نے دو ،دو بلین ڈالر کے حصول کیلئے عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے قومی مفادات تک گروی رکھ د ئیے ہیں جبکہ دوسری جانب ملک کی صنعت زراعت اور کاروباری شعبے کو مطلوبہ سہولیات اور سپورٹ فراہم نہیں کی جا رہی پاکستان کی معیشت مسلسل دباؤ کا شکار ہے اور برآمدات میں واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے ملکی ایکسپورٹ 35 بلین ڈالر سے کم ہو کر تقریباً 27 بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے جس سے قومی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا اگر یہی پالیسی اور نظام جاری رہا اور ملک میں حقیقی جمہوری نظام نافذ نہ ہوا تو پاکستان مزید معاشی مشکلات میں گھر سکتا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نعیم جاوید نے کہا کہ صنعتکار تاجر اور کسان ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں مگر بدقسمتی سے حکومتی پالیسیوں میں ان شعبوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے انہوں نے زور دیا کہ کاروباری طبقے کو ریلیف صنعتوں کو توانائی کی سستی فراہمی اور زراعت کے شعبے کو جدید سہولیات دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملکی معیشت کو دوبارہ مستحکم کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی مضبوط معاشی حکمت عملی اور سیاسی استحکام ناگزیر ہو چکا ہے تاکہ ملک کو مزید بحرانوں سے بچایا جا سکے ۔