لالہ موسیٰ کو تجاوزات سے پاک کیا جائیگا:اے سی

لالہ موسیٰ کو تجاوزات سے پاک کیا جائیگا:اے سی

کسی کے ساتھ جانبداری یا ناانصافی نہیں ہوگی:تاجروں سے گفتگو

لالہ موسیٰ، گجرات (نامہ نگار ، سٹی رپورٹر )اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ لالہ موسیٰ احمد شیر گوندل نے کہا ہے کہ تاجر برادری کے تعاون سے لالہ موسیٰ کے بازاروں کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا، کسی کے ساتھ جانبداری یا ناانصافی نہیں ہوگی۔میونسپل کمیٹی لالہ موسیٰ کے دفتر میں انجمن تاجران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مین بازار سمیت شہر کے کسی بھی حصے میں دکانوں کے باہر تھڑے ، ٹھیلے اور ریڑھیاں لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہر دکاندار کو اپنی قانونی حدود کے اندر رہتے ہوئے کاروبار کرنا ہوگا تاکہ بازاروں میں راستے کشادہ رہیں اور خریدار خواتین و حضرات آسانی کے ساتھ خریداری کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے پہلے مرحلے میں عارضی تجاوزات ہٹائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں پختہ اور مستقل تجاوزات کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مین بازار اور سروس روڈ پر غیر قانونی طور پر چنگ چی رکشے کھڑے کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے ۔احمد شیر گوندل نے واضح کیا کہ پیرا فورس کی جانب سے ابھی صرف وارننگ دی گئی ہے اور کسی کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ تاجروں کے مطالبے پر اسسٹنٹ کمشنر نے دکانوں کے بیرونی حصوں پر یکساں سائز کی ترپالیں لگانے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بازار کی خوبصورتی بھی برقرار رہے گی اور دکانداروں کو سہولت بھی میسر آئے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں