حافظ آباد:بااثر افراد کا ٹراما سنٹر میں خاتون،اہلخانہ پر تشدد
عمران اور ساتھیوں نے گھر گھس کر نازیہ کے والد ،چچا اور پھوپھی کو زخمی کر دیا زخمیوں کو لیکر ٹراما سنٹرپہنچی تو ملزموں نے وہاں بھی دھاوا بول دیا ،مقدمہ درج
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دُنیا )ٹراما سنٹر میں بااثر افراد کی جانب سے خاتون کو خاوند اور عزیز و اقارب کے سامنے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کپڑے پھاڑ کر برہنہ کرنے کے الزام میں پولیس تھانہ صدر نے مقدمہ درج کر کے 11 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ صدر میں تشدد کا نشانہ بننے والی نازیہ بی بی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں بیان کیا گیا ہے کہ وہ کوٹ سرور کی رہائشی ہے ، سابقہ رنجش پر ڈنڈوں سے مسلح 11بااثر ملزموں عمران اور رمضان وغیرہ اس کے گھر داخل ہوئے جہاں انہوں نے تشدد کر کے اس کے والد ،چچا اور پھوپھی کو شدید زخمی کر دیا۔
جس پر وہ اپنے خاوند کے ساتھ زخمیوں کو لے کر ٹراما سنٹر پہنچی تو ان مسلح افراد نے ٹراما سنٹر میں آکر دھاوا بول دیا جہاں ملزموں نے اسے اور اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اس کے کپڑے پھاڑ کر برہنہ کر دیا۔ دوسری جانب ملزموں کے تشدد سے زخمی ہونے والے افراد کو ٹراما سنٹر میں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر کامران حمید نے کہا ہے کہ ملزموں کو کیفر کردار پہنچائیں گے اور کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے ۔