جی ڈبلیو ایم سی کا اجلاس، صفائی نظام مزید مؤثر بنانے کے احکامات
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) سی ای او گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (جی ڈبلیو ایم سی) / ایم ڈی سُتھرا پنجاب ایجنسی گوجرانوالہ عبدالرزاق ڈوگر نے صفائی کے نظام کو مزید مؤثر، فعال اور عوام دوست بنانے کے حوالے سے انسپکٹرز اور ایریا مینیجرز کے اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن ‘‘ستھرا پنجاب’’ پروگرام کے تحت شہر بھر میں صفائی ستھرائی اور سینیٹیشن کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف یونین کونسلز اور علاقوں میں جاری صفائی آپریشن، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی، ویسٹ کلیکشن نظام اور فیلڈ مانیٹرنگ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سی ای او عبدالرزاق ڈوگر نے مانیٹرنگ افسروں کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، صفائی عملے کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کریں اور شہریوں کی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے ۔