ایل پی جی کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ، شہری پریشان
گھریلو سلنڈر کی قیمت 6500روپے تک پہنچ گئی ،فی کلو 600روپے فروخت
ڈسکہ (نمائندہ دنیا )ایل پی جی کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ، شہری پریشان ہوگئے ۔ شہر اور نواحی علاقوں میں ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا گیا جس کے باعث گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ، مقامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔شہریوں کے مطابق ایل پی جی فی کلو 600 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت 6500 روپے تک پہنچ چکی ہے جو سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ ہے ۔واضح رہے کہ سرکاری سطح پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جون 2026 کیلئے ایل پی جی کی جو قیمت مقرر کی ہے جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث دکاندار اور سپلائرز اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں جس سے مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے ۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری کارروائی کرے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے ۔