علی پورچٹھہ:دن کو سٹریٹ لائٹس روشن ، رات کو بند
بلدیہ کے نظام اور متعلقہ عملے کی کارکردگی پر سوالات،اصلاح کی جائے :شہری
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر) بلدیہ علی پورچٹھہ کی مبینہ غفلت ، دن کے اجالے میں سٹریٹ لائٹس روشن کر دیں ، رات کو اندھیرے کا راج ، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ حکومت پنجاب توانائی کے تحفظ اور بجلی کے غیر ضروری استعمال کی روک تھام کیلئے مختلف اقدامات اور پالیسیوں پر عملدرآمد کر رہی ہے تاہم علی پورچٹھہ میں صورتحال اس کے برعکس دکھائی دیتی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حیران کن امر یہ ہے کہ جن سٹریٹ لائٹس کا مقصد رات کے وقت عوام کو روشنی فراہم کرنا ہے ، وہ اکثر رات کے اوقات میں بند ہوتی ہیں جبکہ دن کی روشنی میں پوری آب و تاب کے ساتھ جلتی رہتی ہیں۔
اس صورتحال نے بلدیہ کے نظام اور متعلقہ عملے کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر د ئیے ہیں۔ شہریوں کے مطابق شہر میں صفائی، نکاسی آب، سٹریٹ لائٹس اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کے مسائل روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں مگر متعلقہ حکام کی جانب سے مؤثر اقدامات نظر نہیں آتے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اصلاحی اقدامات نہ کیے گئے تو عوامی اعتماد مزید مجروح ہوگا۔