خواتین کی شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں :انور ڈار
سب ملکر ویمن چیمبر کو ایک سال کے اندر صف اول کا چیمبر بنائیں گے :احمد اکرام
گوجرانوالہ( نیوز رپورٹر )گوجرانوالہ و یمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کے بعد پہلی ایگزیکٹو کمیٹی میٹنگ مقامی یونیورسٹی میں منعقد ہوئی ، ایگزیکٹو کمیٹی میٹنگ میں فائونڈر اینڈ پیٹرن اِن چیف محمد انور ڈار، احمد اکرام لون، کو فائونڈر علی ہمایوں بٹ، مقدس فردوس، صدر یاسمین دائود، سینئر نائب صدر مہک احمد لون، نائب صدر مریم سہیل سمیت ایگزیکٹو کمیٹی کے معزز اراکین نے شرکت کی،اجلاس میں خواتین کی کاروباری تربیت، انٹرپرینیورشپ کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع تک رسائی، پیشہ ورانہ رہنمائی اور موثر نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز کی فراہمی کو ترجیحی اہداف قرار دیا گیا ۔محمد انور ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو شامل کئے بغیر معاشرے کی پائیدار ترقی ممکن نہیں اور ویمن چیمبر کا قیام خواتین کیلئے تحفہ سے کم نہیں۔
احمد اکرام لون کا کہنا تھا کہ سب ملکر ویمن چیمبر کو ایک سال کے اندر صف اول کا چیمبر بنائیں گے اور اس پلیٹ فارم سے خواتین ملک کی پالیسی میں بھی حصہ لیں گی ،صدر گوجرانولہ چیمبر علی ہمایوں بٹ نے کہا کہ ویمن چیمبر خواتین کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے اور انکی آواز کو حکومتی ایوانوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کریگا۔ صدر یاسمین دائود نے کہا کہ چیمبر خواتین کو درپیش کاروباری مسائل کے حل انکی استعداد کار میں اضافے اور انہیں قومی معیشت میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گا۔