ایل پی جی کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر، شہری پریشان
550 سے 600 روپے فی کلوگرام تک فروخت ،فوری نوٹس لینے کامطالبہ
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی مبینہ غفلت کے باعث ایل پی جی کی قیمتیں بے قابو ہو گئی ہیں اور سلنڈر مافیا نے اوگرا کے مقررہ نرخوں کو نظر انداز کر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق مختلف علاقوں میں ایل پی جی 550 سے 600 روپے فی کلوگرام تک فروخت کی جا رہی ہے جبکہ اوگرا کی جانب سے سرکاری قیمت 308 روپے 76 پیسے فی کلوگرام مقرر ہے ۔ شہریوں کے مطابق قیمتوں میں بے پناہ اضافہ نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر دیا ہے ۔عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ اداروں کی م¶ثر کارروائی نہ ہونے کے باعث گرانفروش بلا خوف و خطر من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔