ٹوٹی سڑکیں اور گلیاں،مان میں بنیادی سہولیات کا فقدان

ٹوٹی سڑکیں اور گلیاں،مان میں بنیادی سہولیات کا فقدان

سیوریج کا پانی، کوڑے کے ڈھیر وں سے مکھی مچھر کی بہتات،جینا دوبھر

لدھیوالہ وڑائچ ،عالم چوک (نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی)حافظ آباد روڈ سے ملحق نواحی گاؤں مان میں بنیادی سہولیات کا فقدان ،ٹوٹی سڑکیں اور گلیاں ،سیوریج کا پانی، کوڑے کے ڈھیر وں سے مکھی مچھر کی بہتات سے مکینوں کا جینا دو بھر ہو گیا ۔بتایا گیا ہے کہ تاریخی گاؤں مان میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے اہل دیہہ شدید مشکلات سے دوچار ہیں، حافظ آباد روڈ سے ملحق گاؤں مان کی 3 کلو میٹر کی سڑک برسوں سے ٹوٹ چکی ہے جسکی وجہ سے روزانہ آمدو رفت کرنے والے ملازمین طلبہ کسان اور مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، گاؤں میں سیوریج کا نظام مکمل طور پر ناکارہ ہو چکا ، گندا پانی کئی کئی روز تک سڑک اور گلیوں میں کھڑا رہنے کی وجہ سے گلیاں جوہڑ کا منظر پیش کرتی ہیں جسکی وجہ سے گھروں سے نکلنا محال ہو کر رہ گیا۔مکینوں کا کہنا تھا کہ بارشوں میں صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے اور گلیوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو نے سے پیدل چلنا بھی ممکن نہیں رہتا ۔لوگوں نے روزنامہ دنیا سروے ٹیم کو بتایا کہ گاؤں میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر ،کھلے گٹر اور نالیاں بیماریوں کو دعوت دے رہے ہیں، تعفن اور بدبو کے باعث ماحول آلودہ ہو چکا ہے جبکہ مچھروں مکھیوں کی بہتات سے ڈینگی ملیریا اور دیگر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ۔ اہل مان نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے حافظ آباد روڈ سے مان تک سڑک کی تعمیر سیوریج کے نظام کی بحالی کھلے گٹروں کی بندش گلیوں میں کھڑے سیوریج کے پانی کی نکاسی اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت روزانہ کی بنیاد پر صفائی کو یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں