حافظ آباد:سیوریج نالوں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت
نالوں کی صفائی و نکاسی آب کے نامناسب انتظامات پر ڈی سی کا اظہار ناراضگی
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کا ڈی ایچ کیو ہسپتال اور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ،ہسپتالوں میں مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات کی فراہمی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب اور صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے شعبہ ایمر جنسی،ان ڈور،آؤٹ ڈور ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے وہاں مریضوں کو دستیاب مفت ادویات اور علاج معالجہ کی فراہمی کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے قلعہ صاحب سنگھ،جلاپور روڈ،مد ہریانوالہ روڈ سمیت شہر کے دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے وہاں صفائی ستھرائی،سیوریج نالوں،مین ہولز اور نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا،ڈپٹی کمشنر نے مین ہولز اور سیوریج نالوں کی صفائی و نکاسی آب کے نامناسب انتظامات پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ستھرا پنجاب ایجنسی،واسا اور میونسپل کمیٹی کے افسر وں کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے نکاسی آب،بند سیوریج نالوں اور مین ہولز کی مکمل صفائی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔