علی پور:ایل پی جی کے نرخ نظر انداز،مافیا کی من مانی

 علی پور:ایل پی جی کے نرخ نظر انداز،مافیا کی من مانی

پروڈکشن پلانٹس اور سپلائرز سے ہی گیس مہنگی مل رہی :مقامی ڈیلرز

علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں ایل پی جی مافیا کی من مانی، سرکاری نرخ نظر انداز، شہری مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور، انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ۔ علی پورچٹھہ اور گردونواح میں ایل پی جی کی قیمتوں میں مبینہ من مانی نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری نرخوں کے باوجود مقامی سطح پر ایل پی جی کئی گنا زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے جس کے باعث گھریلو صارفین، ہوٹل مالکان، دکاندار اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد شدید پریشانی کا شکار ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 روپے 43 پیسے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے تاہم علی پورچٹھہ میں مختلف مقامات پر ایل پی جی 400 سے 500 روپے فی کلوگرام تک فروخت کی جا رہی ہے ، اسی طرح گھریلو سلنڈر جس کی سرکاری قیمت 2 ہزار 848 روپے 91 پیسے بنتی ہے ، وہ شہریوں کو 4 ہزار 500 سے 5 ہزار روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے ۔شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں ایل پی جی کی من مانی قیمتیں غریب اور متوسط طبقے کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔ مقامی ایل پی جی ڈیلرز کا مؤقف ہے کہ انہیں گیس پروڈکشن پلانٹس اور سپلائرز سے ہی ایل پی جی سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فراہم کی جاتی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ جب خریداری مہنگی ہوگی تو سرکاری نرخ پر فروخت ممکن نہیں رہتی ورنہ انہیں بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مہنگے داموں ایل پی جی فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں