گیپکو کی نجکاری کیخلاف ہڑتال‘دفاتر بند ‘ صارفین خوار

گیپکو کی نجکاری کیخلاف ہڑتال‘دفاتر بند ‘ صارفین خوار

گوجرانوالہ ، حافظ آ باد اور پھالیہ میں احتجاج ، نجکاری کا عمل روکنے کا مطالبہ

گوجرانوالہ، حافظ آباد ،پھالیہ (سٹی رپورٹر، نمائندہ دنیا،نامہ نگار)گیپکو کی نجکاری کیخلاف ملازمین نے ہڑتال کردی، ملازمین کام چھوڑ ہڑتال کرکے تمام دفاتر کے باہر بیٹھ گئے ہڑتال کے باعث گیپکو کے تمام دفاتر میں کام بند رہا اور سائلین ذ لیل وخوار ہوکر لوٹ گئے ۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے اور نجکاری کا عمل نہ روکا تو دفاتر بند رہیں گے اور مکمل طور پر کام بھی چھوڑ دیا جائے گا۔حافظ آباد میں گیپکو کی نجکاری کے خلاف ڈویژنل چیئرمین ملک محمد رزاق اور سیکرٹری رائے سکندر نواز کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں افتخار احمد، سید زاہد حسین شاہ اور ملک غضنفر علی کے علاوہ مقامی ر ہنماؤں اور ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ گیپکو ریجن گوجرانوالہ کے سب ڈویژن، پھالیہ مانو چک، اور پاہڑیانوالی میں قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی ، تمام دفتری امور معطل رہے۔

مظاہرین نے سٹاف کی شدید کمی، سٹاف کی آؤٹ سورسنگ کے حل طلب معاملات اور 12 سے 14 گھنٹے تک طویل دورانیے کی ڈیوٹی کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ یونین رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ جب تک متعلقہ حکام مطالبات تسلیم نہیں کرتے ، احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا۔  علاوہ ازیں سیالکوٹ سمیت گیپکو ریجن میں عملے سے لے کر اعلیٰ افسر وں تک نے مطالبات کی منظوری تک کام بند کرنے کا اعلان کر دیا جس کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی خرابی دور نہ ہونے سے سپلائی معطل ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں