حکومتی اقدامات سے ایس ایم ایز کوفروغ ملے گا :صنعتکار
ٹاسک فورس کے قیام کے اعلان کا خیر مقدم کر تے ہیں :جمال بھٹہ ، خالد مغل ودیگر
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعظم کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح اجلاس اور وفاقی وزیرِ خزانہ کے اعلانات سٹی آف کٹلری وزیرآباد کے مائیکرو اینڈ سمال انٹرپرائزز کیلئے ترقی کے نئے امکانات کا سبب بنیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان کٹلری ایسوسی وزیرآباد جمال بھٹہ اور منیجنگ ڈائریکٹر پاک کٹلری کنسورشیم وزیرآباد خالد مغل چیئرپرسن کٹلری سیکٹورل کونسل وزیرآباد مہر شکیل اعظم اور سینئر وائس چیئرمین پاکستان کٹلری ایسوسی ایشن وزیرآباد حبیب اللہ چودھری اور وائس چیئرمین محمد الیاس خان نے مشترکہ بیان میں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کو آسان شرائط پر صنعتی قرضوں کی فراہمی، کاروباری آگاہی ،فزیبلٹی سٹڈیز جدید ٹیکنالوجی برآمدی استعداد اور سرمایہ کاری تک رسائی کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل کیا جائے ۔وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے مائیکرو اینڈ سمال میڈیم انٹرپرائزز ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بینکاری شعبہ اور متعلقہ ادارے مل کر ایس ایم ایز کو آسان مالیاتی سہولتیں فراہم کریں تاکہ صنعتی پیداوار برآمدات اور روزگار میں نمایاں اضافہ کیا جاسکے ۔