ملزم نے جو ڈیشل کمپلیکس میں گردن پر بلیڈ مار لیا ،ہسپتال منتقل
پولیس اہلکاروں نے ہتھکڑی میں جکڑے ملزم کو فوری ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ بھجوا دیا
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )منشیات فروشی کے مقدمہ میں جیل سے تاریخ پیشی پر آئے ملزم نے جوڈیشل کمپلیکس گوجرانوالہ میں گردن پر بلیڈ چلا دیا ،واقعہ سیشن کورٹ گوجرانوالہ میں ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کے باہر پیش آیا ، پولیس اہلکاروں نے ہتھکڑی میں جکڑے ملزم کو فوری ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ بھجوا دیا ۔ سنٹرل جیل میں منشیات فروشی کے مقدمہ میں بند ملزم عدیل شوکت کو جیل سے عدالت پیشی کیلئے بھجوایا گیا ، عدیل کو ہتھکڑی لگا کر پولیس اہلکاروں کی حفاظت میں بخشی خانہ سے عدالت بھجوایا گیا۔
عدالتی احاطہ میں عینی شاہدین کے مطابق ملزم عدیل شوکت نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کے باہر گردن پر بلیڈ مار کر خود کشی کی کوشش کی جس سے وہ زخمی ہو گیا جسے زخمی حالت میں ٹیچنگ ہسپتال بھجوایا گیا ۔ جوڈیشل کمپلیکس میں ملزم کی والدہ اور بہن نے میڈیا کو بتایا کہ عدیل شوکت سے فرضی برآمدگی پولیس نے کی اسے گھر سے پکڑا گیا وہ بے قصورہے ۔ ملزم کی والدہ کا کہنا تھا کہ عدیل جھوٹے مقدمہ کی وجہ سے پریشان تھا اور اسے وجہ سے اس نے زندگی ختم کرنے کی کوشش کی ۔ دوسری طرف پو لیس حکام نے واقعہ کی انکوائری شروع کر دی جس میں اس بات کا تعین کیا جا رہا ہے کہ ملزم کے پاس کٹر نما بلیڈ کیسے پہنچا کیا اسے کسی نے بخشی خانہ سے عدالت جاتے ہوئے پکڑایا یا وہ جیل سے لیکر آیا تھا ۔ ملزم عدیل کیخلاف تھانہ سبزی منڈی میں منشیات فروشی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔