سیالکوٹ:واسا صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے میں ناکام
احمد نگر بونگا، شجاع آباد، جودھے والی کے رہائشی سیوریج ملا پانی استعمال کرنے پر مجبور
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )واسا سیالکوٹ شہر میں شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے میں ناکام ہو گیا۔ ظفروال روڈ سے ملحقہ علاقوں احمد نگر بونگا، شجاع آباد، جودھے والی اور دیگر متعدد آبادیوں میں شہری مبینہ طور پر سیوریج ملا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس کے باعث عوامی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں علاقہ مکینوں کے مطابق سرکاری واٹر سپلائی لائنوں میں سیوریج کا پانی شامل ہونے سے پینے کا پانی آلودہ ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں مختلف آبی اور متعدی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہیپاٹائٹس بی، ہیپاٹائٹس سی اور دیگر خطرناک بیماریوں کے پھیلاؤ کا بھی خدشہ موجود ہے ، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں متاثرہ شہریوں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے متعدد بار واسا حکام کو اس سنگین مسئلے سے آگاہ کیا لیکن شکایات کے باوجود تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی شہریوں نے الزام عائد کیا کہ مسئلہ روز بروز سنگین ہوتا جا رہا ہے جبکہ ذمہ دار ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔