علی پورچٹھہ : کھمبوں پر بے ہنگم تار ، سپارکنگ سے آتشزدگی
چوک کشمیریاں میں کھمبے پر کیبل آپریٹرز اور دیگر تاروں کا بے ترتیب جال موجود
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں بجلی کے کھمبوں پر کیبل تاروں کی یلغار ، سپارکنگ سے آگ بھڑک اٹھی، بڑا حادثہ ٹل گیا۔ چوک کشمیریاں میں بجلی کے کھمبے پر مختلف کیبل آپریٹرز اور دیگر تاروں کا بے ترتیب جال عرصے سے موجود ہے ، شدید گرمی اور تیز ہوا کے باعث تار آپس میں ٹکرائے تو شارٹ سرکٹ اور سپارکنگ شروع ہو گئی جس کے نتیجے میں تاروں کے گچھے نے آگ پکڑ لی۔ آگ کے شعلے بلند ہوتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ قریبی دکان دار اور راہگیر بھی پریشان ہو گئے ۔
مقامی افراد نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی اور بروقت کارروائی سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر آگ قریبی دکانوں یا بجلی کے ٹرانسفارمر تک پہنچ جاتی تو مالی نقصان کے ساتھ جانی نقصان بھی ہو سکتا تھا۔ علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ بجلی کے کھمبوں پر غیر ضروری اور بے ہنگم تاروں کا جال برسوں سے موجود ہے مگر متعلقہ ادارے درستگی کی جانب توجہ نہیں دے رہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارشوں اور تیز ہواؤں میں ایسے کھمبے مزید خطرناک صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ شہریوں نے چیف ایگزیکٹو گیپکو، اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے کھمبوں پر موجود غیر ضروری تاروں، ننگے جوڑوں اور خطرناک تنصیبات کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے۔