سیالکوٹ:اندرون شہر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر ، زندگی اجیرن
شکایات کے با وجود ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ خاموش ،مچھر کی افزائش ،وبا کا خدشہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کے سی ای او اور ڈسٹرکٹ آپریشن منیجر کی ناقص حکمت عملی، غفلت اور عدم دلچسپی کے باعث اندرون شہر کے متعدد علاقے کچرا کنڈی میں تبدیل ہونے سے مچھروں کی افزائش میں دن بدن تیزی سے اضافہ ہونے سے وبائیں پھوٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ۔شہریوں کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سیالکو ٹ ویسٹ مینجمنٹ کی ناقص حکمت عملی اور غفلت ولاپروا ئی کی وجہ سے سیالکوٹ اور متعدد یونین کونسلز میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں متعدد بار ہیلپ لائن پر شکایات کے باوجود عملہ ٹس سے مس نہیں ہورہا جبکہ گندگی اور بدبو کی وجہ سے اہل علاقہ کا جینا محال ہوچکا ہے ۔ یونین کونسلز کے سپروائز اوپر سب اچھا کی رپورٹ پیش کررہے ہیں لیکن سی ای او اور منیجر سمیت دیگر عملہ کسی بھی قسم کی صفائی ستھرائی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے ۔ شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی مختلف یونین کونسلز کا ہنگامی بنیادوں پر دورہ کریں اور گندگی والے علاقوں کے سپروائز اور سینٹری ورکر زکے خلاف محکمانہ کارروائی کریں۔