سمبڑیال:نالوں کی عدم صفائی ‘ بارشی پانی سڑکوں پر جمع
رورل ڈسپنسری کے اطراف اور دیگر مقامات کا پانی ریلوے لائنوں کی جانب چھوڑ دیا
سمبڑیال(سٹی رپورٹر )سمبڑیال کے علاقوں ارشد پورہ اور تاج پورہ میں نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی راستوں میں جمع ہو گیا جس سے گلیاں اور سڑکیں زیرِ آب آ گئیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق گورنمنٹ رورل ڈسپنسری کے اطراف اور دیگر مقامات کا بارشی پانی ریلوے لائنوں کی جانب چھوڑا جا رہا ہے جس کے باعث پانی واپس آبادی میں جمع ہو کر گلیوں کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ طلبہ، مریض، بزرگ اور خواتین کو روزمرہ آمدورفت میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اہلِ علاقہ تنویر صدیقی، عبداﷲ شیخ، رضوان بٹ، فرحان بٹ، رفاقت علی، عامر علی، نفیس اور دوسروں نے ڈی سی سیالکوٹ، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال،متعلقہ محکموں، میونسپل کمیٹی افسروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نالوں کی فوری صفائی کرائی جائے ، بارشی پانی کی نکاسی کا مستقل اور مؤثر انتظام کیا جائے اور ریلوے لائنوں کی جانب پانی چھوڑنے کے مسئلے کا فوری حل نکالا جائے تاکہ شہریوں کو اس اذیت سے نجات مل سکے ۔